منگلورو،17؍مارچ (ایس او نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے افسران نے میسکام کے انجینئر دیال سندر کے منگلورو اور میسور میں واقع مکانات کے علاوہ منگلورو میں واقع ان کے دفتر پر اچانک چھاپہ مارا جس کے دوران دیال سندر کے پاس بڑی مقدار میں غیر محسوب دولت موجود ہونے کا پتہ چلا ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اے سی بی کو گزشتہ 10 سال سے منگلورو میں اسسٹنٹ انجینئر کے بطور خدمات انجام دینے والے دیال سندر کے خلاف غیر محسوب دولت جمع کرنے کی شکایت موصول ہوئی تھیں ۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے شہر کے ملّی کٹّے میں واقع کرایہ کے گھر اور کولشیکھر میں واقع دفتر پر چھاپہ مارا گیا جس میں اے سی بی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سی اے سائمن، ڈی وائی ایس پی پرکاش، انسپکٹر شیام سندر اور کاروار اے سی بی کے انسپکٹر کی ٹیم نے حصہ لیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ کدری کمبلا میں ایک اپارٹمنٹ کی ملکیت رکھنے کے بعد بھی سندر دیال قریب میں ہی ایک کرایہ کے مکان میں رہتے ہیں ۔ چھاپہ ماری کے وقت دیال سندر اپنے کام سے بنگلورو گئے ہوئے تھے ۔ اس مکان سے4 کلو گرام چاندی، 300 گرام سونا اور نقد رقم اے سی بی کے ہاتھ لگی ہے ۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چھاپہ کے دوران میسور میں 2 سائٹس، ہنسور میں 1 سائٹ اور 2 ایکڑ زرعی زمین سندر دیال میں ہونے کے تعلق سے دستاویزات اے سی بی کے ہاتھ لگے ہیں، جس کی مالیت اندازہ کروڑوں روپوں میں لگایا گیا ہے ۔